Source : Yahoo

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
01 ستمبر 2018 (17:36) 2018-09-01

ؒ لاہور : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے‘زلزلے کے جھٹکے لاہور ، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، جڑانوالا، گجرانوالہ، ننکانہ صاحب، قصور، ملتان، خانیوال اور چنیوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں و دفاتر سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز ننکانہ صاحب سے 30 کلو میٹر شمال میں 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، مینگورہ، چترال اور گرد و نواح میں محسوس کیے گئے۔زلزلے جھٹکے پنجاب کے منڈی بہا الدین اور اس کے مضافات جبکہ جہلم کی تحصیل پنڈدادن خان میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 230 کلو میٹر زیر زمین تھی۔قبل ازیں 31 جنوری کو بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں عمارات گرنے کے باعث ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں محسوس کیے گئے۔جنوری 2018 کے دوران کوہ ہندو کش ریجن میں 17 بار زلزلہ آیا جبکہ اس کی شدت 3.2 سے لے کر 6.2 ریکارڈ کی گئی، سب سے شدید زلزلہ 31 جنوری کو ریکارڈ کیا گیا۔


ای پیپر