زلزلے میں جاں بحق کے ورثا کیلئے فی کس 5 لاکھ
01 اکتوبر 2019 (17:54) 2019-10-01

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا تخمینہ لگا لیا، وفاقی حکومت جاں بحق لواحقین کو 5 لاکھ روپے فی کس دے گی۔

ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کی فراہمی سے زلزلہ متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی، گھروں،مال مویشیوں کیلئے زر تلافی سے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ممکن ہوگا، متاثرہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، خواتین کی سہولیات کے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے زلزلہ سے متاثرہ کشمیری عوام کو نیا حوصلہ ملا ہے، ان کی امداد اور بحالی تک تعاون کا سلسلہ بھرپور انداز سے جاری رہے گا، مکمل تباہ ہونے والوں مکانوں کیلئے 2 لاکھ جبکہ جزوی متاثرہ مکانات کا معاوضہ 1 لاکھ روپے دیا جائے گا، 38 سکولوں کیلئے بڑے ٹینٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، زلزلہ سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی تعمیر پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔


ای پیپر