سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کررہی ہیں‘فیصل واوڈا
01 اکتوبر 2018 (20:40) 2018-10-01

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کراچی میں جرائم کی واردات میں اضافہ افسوسناک ہے، سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کررہی ہیں۔

پیر کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سالوں بعد محکمہ پولیس میں دو اچھے افسر آئے ہیں، پولیس کے محکمے میں ٹریننگ کا فقدان ہے،پیپلزپارٹی کی حکومت غیرسنجیدہ ہے، امن و امان برقرار رکھنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاق خاموش نہیں بیٹھے گا جو آپریشن ہم کرائیں گے سب کو نظر آئے گا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، جرائم پیشہ عناصر کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا قانون منظور کرایا جائے۔انھوں نے کہا کہ اب شہری لوٹ مار کی رپورٹ زیادہ کر رہے ہیں، پولیس بھی متحرک ہے، ملزمان پکڑے جا رہے ہیں، 6 ہفتے میں بڑی تعداد میں اشتہاری ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


ای پیپر