جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں:وزیر اعلیٰ پنجاب
01 اکتوبر 2018 (18:38) 2018-10-01

لاہور: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کریں گے۔وزیراعلی عثمان بزدار کی صدارت میں ملتان ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے والوں کو الیکشن میں بری طرح شکست ہوئی، پینے کے صاف پانی میں بھی جنوبی پنجاب کو فوقیت دی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہروں میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے، صفائی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے ان کا کہنا تھا کہ سی ایم آفس میں اب کوئی فائل زیر التوا نہیں رہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں میں شکایات سیل قائم ہوں گے، ڈی پی اوز کھلی کچہریاں لگائیں گےاور میںٹیم کے ساتھ ڈی جی خان ،ملتان اور بہاولپور کا باقاعدگی سے وزٹ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا بھی کوئی غلط کام نہ کیا جائے، سرکاری افسران عوام کیلئے 2گھنٹے دروازے کھلے رکھیں، رویے بہتر بنائیں اور عوام کو ڈلیور کریں۔

ساہیوال ڈویژن کے اراکین سے ملاقات میں وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اوپن ڈور پالیسی عوامی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگی جو افسر پالیسی پر عمل نہیں کرے گا، اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کریں گے۔


ای پیپر