جج صاحبان کی بے عزتی کرنے والے فیصل رضا عابدی کیخلاف اہم پیش رفت
01 اکتوبر 2018 (17:37) 2018-10-01

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی ایک روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی اوران کے 3 نامعلوم ساتھیوں کےخلاف سپریم کورٹ کے جج صاحبان کی توہین کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج اور ان کی گرفتاری کےلئے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں ‘تاہم پیپلزپارٹی کے سابق رہنما نے گرفتاری سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ فیصل رضا عابدی نے گرفتاری سے قبل حفاظتی ضمانت کےلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

درخواست پر کیس کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی ۔جسٹس اطہرمن اللہ نے فیصل رضا عابدی کے وکیل سے استفسار کیا کہ ٹرائل کورٹ کہاں ہے؟۔ وکیل نے جواب دیا کہ ٹرائل کورٹ اسلام آباد میں ہے۔ جس پر جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایک ہی شہر کی عدالت میں پیش ہونے کے لیے حفاظتی ضمانت کا کوئی تصور نہیں، فیصل رضا کو ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کرنی چاہیے۔

عدالت نے کل تک کے لیے فیصل رضا عابدی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور حکم دیا کہ فیصل رضا عابدی آئندہ سماعت پر ٹرائل کورٹ میں پیش ہوں۔


ای پیپر