نواز شریف کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں‘ احسن اقبال
01 اکتوبر 2018 (17:29) 2018-10-01

گوجرنوالہ:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے‘سی پیک حکومتوں کا نہیں بلکہ ریاست کا منصوبہ ہے‘ڈیم کی رقم پوری ہونے تک تعمیر شروع نہیں ہوسکتی‘حکومت نے پہلے 30 دنوں میں ہی مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ‘پاکستان کو جنت بنانے کا دعویٰ کرنے والے ملک کو دوزخ بنا رہے ہیں.

وزیر اعظم آزاد کشمیر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ‘بھارت پاکستان کی طرف میلی نگاہ اٹھائے گا تو اس کو بھرپور جواب ملے گا۔پیر کو گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی عدالت میں احسن اقبال حملہ کیس کی سماعت ہوئی ،جس میں سابق وزیر نے بطور گواہ بیان ریکارڈ کروایا۔بعدازاںعدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی رہائی کسی ڈیل کے ذریعے نہیں ہوئی،ان کی سیاست کی کتاب کھلی پڑی ہے،وہ عوام کی خاطر بیٹی سمیت جیل گئے،ہائی کورٹ کی سماعت سے سب کو پتہ چل گیا کہ نیب کے پاس کوئی کیس نہیں ہے ہائی کورٹ متعدد دن پوچھتا رہا کہ کرپشن کے ثبوت لے کر آ لیکن نیب پیش کرنے سے قاصر رہا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو سودن تک فری ہینڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،پاکستان کو جنت بنانے کا دعویٰ کرنے والے پاکستان کو دوزخ بنا رہے ہیں،تیس دنوں میں حکومت نے مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، عمران خان کے جتنے دوستوں کو کلیدی عہدوں پر لگایا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سی پیک منصوبے سے منسلک ہے اورکچھ لوگ اپنے مفادات کی خاطر سی پیک کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں،سی پیک دو حکومتوں کا نہیں دو ریاستوں کا منصوبہ ہے اوراس کے منصوبے انتہائی شفافیت سے لگے ہیں جن پر بلاوجہ کے اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں۔

رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم پر ہماری حکومت نے کام شروع کیا ہماری حکومت نے دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے 122ارب روپے سے زیادہ رقم کی ہم نے 14000ایکڑ سے ذیادہ زمین خریدی اور اس سال بھی ہم نے چوبیس ارب روپے نجٹ میں ڈیم کے لیے مختص کیے تھے، بغیر پاور سیکٹر کے دیا میر بھاشا ڈیم کی لاگت 850ارب روپے بنتی ہے جب تک یہ رقم جمع نہیں ہوتے ہم ایسے شروع نہیں کر سکتے۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،بھارت نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو بھر پور انداز میں جواب دیا جائیگا ۔


ای پیپر