جادوٹونہ ختم ہو گا اور یوٹرن کی سیاست ختم ہو گی: شہباز شریف
01 نومبر 2019 (16:31) 2019-11-01

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا دل پتھر کا ہے انہیں عوام کا احساس نہیں، عمران خان ملک میں جادو ٹونے سے تبدیلی لانا چاہتے تھے۔

اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام ف کے آزادی مارچ سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کو تنقید کے نشانے پر رکھ لیا، کہتے ہیں کنٹینر کی سیاست عمران خان نے شروع کی، جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر سلیکٹڈ وزیراعظم کو بہا لے جائے گا۔ تبدیلی آئے گی، جادوٹونہ ختم ہو گا، یوٹرن کی سیاست ختم ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جلیل القدر عالم دین ہیں، تبدیلی پہلے نہیں اب آئی ہے۔ عمران خان کو آزادی مارچ سے بہت چڑ ہے۔ وہ ہمیں ڈینگی برادران کہتے تھے، نواز شریف کی قیادت میں ملک سے ڈینگی کا خاتمہ کیا گیا۔ رواں سال 50 ہزار افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ پرانے پاکستان میں عوام کو تمام سہولیات حاصل تھیں، نواز شریف کے دور میں کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات دی جاتی تھیں۔ آج غریبوں سے ادویات چھین لی گئی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ 50 لاکھ گھر تو دور کی بات، غریبوں سے چھت چھین لی گئی، آج طلبا سے وظائف چھین لیے گئے، کاروبار ختم ہو گیا، آج غریب جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔ 22 کروڑ عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ آج دن آگیا ہے عمران خان کی چیخیں نکلنی چاہیئں۔

پاکستان کی معیشت دم توڑ گئی ہے، عمران خان ایک لاکھ لوگوں کو بیروزگار کرچکے ہیں، نواز شریف کے دور میں مہنگائی نچلی سطح پر آگئی تھی، جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں پر ظلم وستم روا رکھا جارہا ہے۔ پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی پارلیمنٹ کا آئینی حق ہے۔ عمران خان چند ماہ اور برسراقتدار رہے تو ملک کا اللہ حافظ ہے۔


ای پیپر