بھارتی ایٹمی پلانٹ پر ہیکرز کا حملہ
01 نومبر 2019 (12:10) 2019-11-01

نئی دہلی:بھارت کے سب سے بڑے ایٹمی پلانٹ کے نیٹ ورک پر ہیکرز نے حملہ کرکے اس کے کمپیوٹرز کو نقصان پہنچادیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی نیوکلیئر پاور پلانٹ کارپوریشن نے امکان ظاہر کیا کہ پاور پلانٹ کے کمپیوٹر میں موجود وائرس کا تعلق شمالی کوریا سے ہوسکتا ہے، یہ گزشتہ ماہ سامنے آیا جس کی تحقیقات جاری ہے۔ بھارتی حکام کی جانب سے پہلے اس کی تردید کی جاتی رہی تاہم گزشتہ روز انہوں نے اس بات کا اعتراف کرلیا کہ ریاست تامل ناڈو میں قائم بھارت کے سب سے بڑے ایٹمی پلانٹ کڈان کلام کے نیٹ ورک پر سائبر حملہ ہوا ہے۔

بھارتی حکام نے اس کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس ایٹمی پلانٹ کے انتظامی کمپیوٹر میں پایا گیا ہے تاہم ایٹمی پلانٹ کو کنٹرول کرنے والے سسٹم اس سے محفوظ رہے ہیں۔ جس کمپیوٹر میں وائرس آیا وہ ایک ایسے یوزر کا تھا جو انتظامی امور کے نیٹ ورک سے منسلک رہتا ہے۔پاور پلانٹ کے نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی ہو رہی ہے۔


ای پیپر