اہم ترین مسئلہ پر مسلم لیگ ن نے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا
01 نومبر 2018 (18:27) 2018-11-01

اسلام آباد :آسیہ بی بی کے معاملہ پر اسلام آباد میں میں اہم پیش رفت ہوئی ، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اس معاملہ پر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج اپوزیشن کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے اور اس معاملے پر اپوزیشن نے ساتھ دینے کافیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کی لائن اپنے خطاب میں بیان کی ،آج اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات ہوئی ،اپوزیشن نے اس معاملے پر ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ،اپوزیشن کی جانب سے ایاز صادق اور نوید قمر اس معاملے پر حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،اس معاملے پر ان دونوں جماعتوں سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تشدد سے بچنا چاہتے ہیں ،چند عناصر سن لیں ،جس طرح پاکستان کی فوج نے سرحدوں پر لڑائی لڑی ہے ،کوئی دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے ،آپ کو پتہ نہیں چلے گا کہ آپ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ،جو بھی تشدد میں شرکت کریں گے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کریں گے ان کے خلاف ریاست ذمہ داری کے ساتھ کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ کسی مسلمان کا ایمان عشق رسول کے بغیر مکمل نہیں ،ہم نبی کی شفاعت حاصل کرنے کے لیے دعا کرتے ہیں ،وزیراعظم عمران خان عقیدت کے اس درجے پر ہیں کہ مدینہ کی سر زمین پر جوتے کے ساتھ نہیں اترتے ،ائیر پورٹ پر جوتے اتار کر مدینہ جاتے ہیں۔


ای پیپر