ایل پی جی مزید مہنگی ، فی کلو گرام قیمت 160 ہو گئی
سورس:   فائل فوٹو
01 مارچ 2021 (17:59) 2021-03-01

اسلام آباد: ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد اب مائع گیس کی قیمت 160 روپے فی کلو تک ہو گئی۔ اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت 2 روپے کے اضافے سے 160 روپے ہو گئی جبکہ گھریلو سلینڈر کی قیمت 22 روپے بڑھ کر 1885 روپے اور کمرشل سلینڈر کی قیمت 84 روپے بڑھ کر 7252 روپے ہو گئی۔ ایل پی جی کی پیداواری قیمت 1577 روپے کے اضافے سے 96860 روپے فی ٹن ہو گئی ہے۔

خیال رہے گزشتہ سال ملک میں 7 لاکھ 35 ہزار 460 میٹرک ٹن ایل پی جی پیداوار ہوئی تھی جب کہ 4 لاکھ 73 ہزار900 ٹن ایل پی جی سمندری راستے اور 6 لاکھ 60 ہزار ٹن زمینی راستے سے ایل پی جی درآمد کی گئی تھی۔

ادھر ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایل پی جی کی قیمت کو عوام کی دسترس میں لانے کے لیے لیوی سمیت دیگر تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں غیر معیاری سلنڈر پھٹنے سے یومیہ 2 سے 3 معصوم جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔ گوجرانوالہ میں 400 سے زائد غیرمعیاری سلنڈر بنانے والے کارخانے موجود ہیں جنہیں فوری طور پر بند کیا جائے اور ملک بھر میں غیر معیاری سلنڈرکی خریدو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانون سازی کی جائے تاکہ معصوم جانوں کا ضیاع کوروکا جا سکے۔


ای پیپر