Senate Election: Prime Minister Imran Khan will oversee the election campaign himself
کیپشن:   فائل فوٹو
01 مارچ 2021 (11:37) 2021-03-01

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن کی خود نگرانی کرنے کیلئے آئندہ دو روز پارلیمنٹ چیمبر میں گزاریں گے۔ خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہونگے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سینیٹ الیکشن کی وجہ سے تمام مصروفیات ترک کر دی گئی ہیں۔ وہ اب آئندہ دو روز تک انتخابی مہم کی خود نگرانی کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے سب سے اہم امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے گزشتہ روز اپنا مصروف دن گزارا۔ وہ اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پارلیمنٹ لاجز میں رہائش پذیر اراکین اسمبلی سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ووٹ دینے کیلئے انھیں قائل کرنے کی کوشش کی۔

خیال رہے سیاسی پنڈت سینیٹ الیکشن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

ادھر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے گزشتہ روز کراچی میں تحریک انصاف کے استقبالیہ میں شرکت نہیں کی، اس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔

اس اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے رہنما سید امین الحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز ان کی پارٹی کے اہم رہنما مصروف تھے، اسی وجہ سے وہ پی ٹی آئی کے استقبالیے میں شرکت نہیں کر سکے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ حکومت کی اتحادی ہے اور سینیٹ الیکشن میں عبدالحفیظ شیخ کی ہی ہر صورت حمایت کی جائے گی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل کی جانب سے بھی جاری ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وعدہ خلافی کی، اس بات کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ تاہم سیاست میں بات چیت کیلئے کبھی دروازے بند نہیں کئے جاتے۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک حکومت کے اتحادی ہی ہیں لیکن مستقبل میں کیا ہوتا ہے، اس بارے میں ابھی کچھ پتا نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم کے عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے سے انکار نہیں کیا ہے۔


ای پیپر