چاہتے ہیں معاملہ اتفاق رائے سے حل کیا جائے : محمود الرشید
01 جون 2018 (22:10) 2018-06-01

اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کو شہباز شریف سے ملنے کا کیوں کوئی شوق نہیں ؟


لاہور : پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ معاملہ اتفاق رائے سے حل کیا جائے ، یعقوب طاہر اظہار اور اوریا مقبول جان کے نام دیئے ہیں ، امید ہے کہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں نہیں جائے گا، اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہو گی۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات ہو گی، امید ہے کہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں نہیں جائے گا، اتوار تک معاملے کو طے کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یعقوب طاہر اظہار اور اوریا مقبول جان کے نام دیئے ہیں ، مجھے کوئی شوق نہیں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے کا، یہ ان کی آئینی ذمہ داری ہے، آج کی ملاقات سپیکر صاحب کی درخواست پر کی گئی، چاہتے ہیں کہ معاملہ اتفاق رائے سے حل کیا جائے ، پہلے تجویز کردہ نام لیڈر شپ کے تھے میری ذاتی حیثیت سے نہیں پیش کئے گئے تھے۔


انہوں نے کہا کہ الیکشن کسی صورت تاخیرسے نہیں ہونے چاہئیں، آئین کے مطابق انتخابات کا ہونا ضروری ہے، تحریک انصاف 60دن کے اندر الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انتخابات چاہتی ہے۔


ای پیپر