اساتذہ کا مذاق اڑانے والے طلبہ کو سزائیں
01 جولائی 2020 (21:57) 2020-07-01

لاہور : معروف نجی یونیورسٹی نے سوشل میڈیا پر اپنے اساتذہ کا مذاق اڑانے پر طلبہ کو سزائیں سنا دیں۔

تفصیلات کے مطابق فیصل ٹاؤن لاہور کی نجی یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی نے اساتذہ کا مذاق اڑانے والے طالب علموں کی فہرست جاری کر دی۔13 طالب علموں کو وارننگ دینے کے ساتھ معافی نامہ فیس بک پر لگانے کا حکم دیا گیا جب کہ 10 طالب علموں کے گریڈکم کرکے انہیں روزانہ یونیورسٹی کیمپس کے لان سے کچرا اٹھانے کے ساتھ 2 سیمسٹرز سے خارج کرنے کی سزا دی گئی ہے۔ طلبہ کو کیمپس کھلنے کے بعد مسلسل 4 ہفتوں تک ہائی ویز کی صفائی کا حکم دیا گیا ہے۔12 گریجویٹ طالب علموں کو بھی معافی نامہ فیس بک پر لگانے کی ہدایت کی گئی ہے اور جو معافی نامہ نہیں لگائے گا ان کو بلیک لسٹ کرکے ڈگری منسوخ کر دی جائے گی۔

علاوہ ازیں سائبر بلنگ اور ہراساں کرنے کے قوانین کے حوالے سے بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادھر ایک طالب علم نے سزا کا لیٹر موصول ہوتے ہی معافی نامہ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا۔ دوسری جانب طلبہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے توہین آمیز سزاؤں پر سراپا احتجاج ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہر طالب علم ہلکا پھلکا مذاق کرتا ہے، اسے سائبر بلنگ کے ساتھ جوڑنا غلط ہے۔


ای پیپر