شہباز شریف کو چین کی جانب سے علاج کی پیشکش
01 جولائی 2020 (21:51) 2020-07-01

مسلم لیگ(ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نیب میں پیشی کے بعد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیںان کی جانب سے قومی احتساب بیورو کو کئی بار استدعا کی گئی تھی کہ وہ کینسر کے مریض رہے ہیں اور اب بھی میڈیکل چیک اَپ کے لیے لند ن جاتے ہیںانھیں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور ویڈیو لنک کے ذریعے سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے لیکن نیب نے اُن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتار جاری کئے لاہور ہائی کورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت منظور ہونے کی وجہ سے نیب محمد شہباز شریف کو گرفتار نہیں کر سکی۔ ضمانت منظور ہونے کے بعد نیب نے پھر انھیں 09جون کو طلب کیا ۔نیب میں پیش ہونے کے بعد شہباز شریف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا اور ماڈل ٹائون لاہور کی ذاتی رہائش گاہ میں قرنطین ہو گئے ۔

واضح رہے 2005ء میں سعودی عرب میں جلا وطنی کے دوران محمد شہباز شریف کو کینسر کا مرض لاحق ہو گیا تھا ۔لندن میں علاج کیا اور ان کی سرجری بھی ہوئی تھی قوم کی دُعائوں سے اللہ تعالیٰ نے انھیں دوسری زندگی عطا کی۔

محمد شہباز شریف کو میڈیکل چیک اَپ کے لیے لندن جانے کی بھی حکومت اجازت نہیں دیتی اور اُن کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے ۔انصاف کے لیے وہ عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹاتے ہیں ۔عدالت کی طرف سے ای سی ایل سے نام نکالنے کے فیصلے کے بعد وہ میڈیکل چیک اَپ کے لیے لند ن جاتے ہیں لیکن شوگر سکینڈل میں ملوث جہانگیر ترین اپنے بیٹے کے ہمراہ لندن چلے گئے ۔حکومت ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالتی اور انھیں کلین چٹ دیا جاتا ہے ملک میں یکطرفہ احتساب کیا جارہاہے بہت سے ایسے ملزمان جن کا ٹرائل چل رہا ہے لیکن نیب انھیں گرفتار نہیں کرتی۔انکوائری و تفتیش میں تعاون کرنے والوں کو گرفتار کیا جاتا ہے ۔یورپی کمیشن نے بھی کہا ہے کہ پاکستان میں نیب اپوزیشن رہنمائوں کو گرفتار کرتی ہے حکومتی لوگوں کو گرفتار نہیں کرتی جس پر یورپی کمیشن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر وقائد حزب اختلاف شہباز شریف کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد چین کی جانب سے انھیں دو مرتبہ علاج کی پیشکش کی گئی ہے۔ چین کے کونسلر جنرل لانگ وینگ کی طرف سے مسلم لیگ(ن) کے صدر وقائد خزب اختلاف شہباز شریف کو خط لکھا گیا کہ کورونا وائرس سے آپ کے متاثر ہونے کی اطلاع پر بے حد دُکھ ہوا ہے انھوں نے کہا کہ آپ کو ہر طرح کی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کرتے ہیں۔اپنے خط میں انھوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے تک چین پاکستان کی ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے لانگ وینگ نے کہا کہ سی پیک کی تعمیر کے لیے آپ کی غیر معمولی کارکردگی ہمیں بہت اچھی طرح یاد ہے اورینج لائن ، کوئلے سے بجلی پید اکرنے والا ساہیوال کا منصوبہ آپ کی غیر معمولی کاوش کا مظہر ہے۔کونسلر جنرل چین نے اپنے خط میں مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر آپ نے پاک چین دوستی بڑھانے میں اہم کر دار اد اکیا ۔

چین کی حکومت نے ہمیشہ محمد شہباز شریف کی خدمات کو سراہا ہے شہباز شریف اقتدار میں نہیں لیکن پھر بھی چینی حکومت کی طرف سے علاج معالجے کی پیشکش مسلم لیگ (ن) کے لیے نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے شہباز شریف نے اپنے دور اقتدار میں دن رات کا م کیا ۔توانائی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جس پر چین کی حکومت نے انھیں ’’پنجاب سپیڈ‘ ‘ کے خطاب سے نوازا ۔ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے موقع پر ایگزیم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن نے پنجاب میں چائنہ پاکستان کوریڈور کے تحت منصوبوں کی تعمیر کی رفتار کو تاریخی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب نے شین زن کی اصطلاح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب چین میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے ۔واضح رہے کہ شین زن چین کے اُن شہروں میں شامل ہے جہاں چین کا پہلا انڈسٹریل و اکنامک زون بنایا گیا اور چینیوں نے وہاں جناتی انداز میں کام کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔ چین کے دورے کے موقع پر اُس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے خطاب کو چینی میڈیا نے غیر معمولی کوریج دی تھی کہ پاکستان اور چین کے درمیان بننے والی شاہراہ معیشت کی تعمیر میں شہباز شریف کا اہم رول ہے۔اسی طرح محمد شہباز شریف کو چینی میڈیا نے ’’مین آف ایکشن ‘‘ بھی قرار دیا تھا اور انھیں ایک محنتی اور ذہین شخصیت قرار دیا تھا اور لکھا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں شہباز شریف کا اہم کردار ہے۔قوم سے یہ اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مخلص اور نڈر سیاسی لیڈر شہباز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کریں اور انہوں نے جس طرح ماضی میں ملک کی خدمت کی تھی صحت یابی کے بعد دوبارہ ملک و قوم کی خدمت کرسکے۔


ای پیپر