file photo

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا
01 جولائی 2020 (11:25) 2020-07-01

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مہنگی ہونے کے بعد ایل پی جی بم بھی عوام پر گرا دیا گیا۔ تیل اور گیس کی ترسیل کے ذمہ دار ادارے اوگرا نے جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 3.96 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کردیا۔ جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 3.96 روپے فی کلو گرام اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

اوگرا کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 46.76 روپے فی سلنڈراضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس طرح جولائی کیلئے 11.8 کلو گرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت1345.07 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ جون کیلئے 11.8 کلو گرام گھریلو سلنڈر کی قیمت1298.31 روپے تھی۔

خیال رہے کہ 26 جون کو وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا تھا۔ اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

گزشتہ ماہ یکم جون سے پیٹرول کی نئی قیمت76.52 روپے کا اطلاق ہوا تو ایک روز بعد ہی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں فلنگ اسٹیشنز پر فروخت بند کردی گئی تھی۔ بعد ازاں اوگرا کی جانب سے ذمہ دار کمپنیوں کو نوٹسز اور جرمانے کیے گئے مگر پٹرول بحران کم نہیں ہوا تھا۔ اوگرا کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔


ای پیپر