مسلم لیگ ن کل بھی ایک تھی آج بھی ایک ہے :مریم اورنگزیب
01 جولائی 2019 (17:58) 2019-07-01

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ( ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن گھر کی طرح ہے لیکن یہ بات سیاسی خانہ بدوش نہیں سمجھیں گے ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کے تمام سیاسی خانہ بدوش ترجمان پچھلے 20 سال میں جو بھی حکومت اقتدار میں رہی ان کے ترجمان رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب سمیت پوری حکومت اور کابینہ پہ صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کا خوف طاری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سیاسی خانہ بدوش جو ہر روز وفاداریاں بدلتے ہیں وہ سمجھتے ہیں ہر کوئی ان کی طرح ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جس پارٹی کے اپنے ترجمان اپنے نہ ہوں وہ دوسروں کی وفاداریوں پہ انگلی اٹھا رہے ہیں، اللہ کی شان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جس پارٹی میں صرف ایک جہانگیر ترین بولی لگا سکتا ہو اور وفاداریاں خریدتا ہو وہ وفاداری کیا ہوتی ہے نہیں سمجھ سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز کی فکر چھوڑیں 22 کڑوڑ عوام کی روٹی اور روزگار کی فکر کریں ۔

انہوںنے کہاکہ فواد چودھری صاحب کے سیاسی ابو مشرف کی بھی مسلم لیگ کو توڑنے کی خواہش تھی مگر ناکام ہوئے ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کل بھی ایک تھی آج بھی ایک ہے اللہ کے فضل سے ہمیشہ ایک رہی گے انشااللہ ۔ انہوںنے کہاکہ نااہل حکومت کی وجہ سے آج لوگوں کے گھر روٹی نہیں ہے ، لوگوں نے ٹیکس دینا چھوڑ دیا ہے ۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ نالائق حکومت کی وجہ سے لوگوں کے گھر روٹی اور دوائی نہیں ہے، لیکن فکر مسلم لیگ ن کی ، عوام کا کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نالائق حکومت کی وجہ سے لوگ بے روزگار اور کاروبار بند ہو رہے ہیں لیکن فکر صرف مسلم لیگ ن کی ہے ۔


ای پیپر