سی این جی کی قیمت میں 22 روپے تک کا اضافہ
01 جولائی 2019 (17:07) 2019-07-01

کراچی:ملک بھر میں سی این جی کی قیمت میں 22 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا، ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافے کے لئے تیاری شروع کر دی جبکہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے منگل سے ہڑتال کا اعلان کردیا۔

پیر کو ملک بھر میں سی این جی کی قیمت میں 22 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ سندھ اور بلوچستان میں سی این جی 20 روپے اضافے سے 124 روپے کلو، کے پی کے میں سی این جی 22 روپے اضافے سے 139 روپے کلو اور پنجاب میں 4 روپے اضافے سے 90 روپے لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔ سی این جی کی قیمت میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھانے کے لئے پر تولنا شروع کر دیئے ہیں جس کا خمیازہ عوام کو ہی بھگتنا ہوگا۔

ریجن ون کیلئے ایک کلو سی این جی پر 69 روپے 57 پیسے ٹیکس عائد جبکہ ریجن ٹو کیلئے ایک کلو سی این جی سپلائی پر 74 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے جب کہ سی این جی پر سیلز ٹیکس کے نئے اضافی ریٹس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔دوسری جانب سی این جی کی قیمت میں اضافے کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کل سے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ سی این جی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد بسیں چلانا ممکن نہیں، کرایوں میں اضافے کی بات بعد میں طے کریں گے۔ارشاد بخاری نے کہا ہے کہ سی این جی پمپس مالکان ہلکے ہلکے قیمتیں بڑھاتے رہے ہیں۔


ای پیپر