ملتان میں شوہر نے 10 سسرالی قتل کر دئیے
01 جولائی 2019 (15:59) 2019-07-01

ملتان : ملتان کے علاقے حسن آباد میں غیرت کے نام پر شوہر نے باپ اور بھائی کے ساتھ مل کر سسرال میں سفاکیت کی انتہا کر دی، ملزم نے 10افراد کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی پلٹ خاوند اجمل کو اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا جس پر جھگڑا شروع ہوا، اجمل نے اپنے والد اور ایک ساتھی کے ساتھ مل کر فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کر دیا جبکہ بیوی، بچوں اور سالیوں کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا دی جس سے کمرے میں موجود خواتین اور بچے زندہ جل گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ملزم اجمل کی بیوی، کرن، ساس تسلیم بی بی، بیٹی مریم، سالی صائمہ، سالی کی بیٹی نائمہ، سالی عاصمہ، سالی روما اور صائم شامل ہیں۔ پولیس نے جلی ہوئی لاشوں کو کمروں سے نکال کر نشتر ہسپتال منتقل کیا۔

سی پی او عمران محمود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا اجمل سعودی عرب میں درزی ہے، ملزم کو اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے اجمل اور اس کے والد کو گرفتار کر لیا ہے، واقعے کے 3 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


ای پیپر