سال 2018میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی مشہور شخصیات
کیپشن:   Image Source : Naibaat MaG
01 جنوری 2019 (23:45) 2019-01-01

شادی بیٹے کی ہو یا بیٹی کی ، کرنے والا کوئی غریب ہو یا امیر، ہر ایک کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ شادی دھوم دھام سے ہو اور اس میں بیٹے یا بیٹی کی تمام خواہشیں پوری کی جائیں۔ لیکن یہ ایسا کرنے کی خواہش ہر کسی کی پوری نہیں ہوتی۔ جہاں کچھ لوگ اس فرض کو پورا کرنے کے لئے جان جوکھم میں ڈالتے نظر آتے ہیں وہیں کچھ اس رسم پر پانی کی طرح پیسہ بہا دیتے ہیں۔

بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی صاحبزادی ایشا امبانی کی شادی کو بھارت کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جارہا ہے، جہاں مہمانوں کے لیے 100 چارٹرڈ طیاروں اور سیکڑوں لگژری گاڑیوں کے ساتھ ساتھ فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام کا انتظام کیا گیا۔ ایشا امبانی ایک اور ارب پتی تاجر کے بیٹے آنند پیرامل کے ساتھ 12 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں،ان شادی کی تقریبات بھارتی شہر ا دھے پور میں بڑی شان و شوکت کے ساتھ منعقد کی گئی۔ جہاں بالی وڈ اسٹارز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔اس سال شادی کا سیزن عروج پر رہا، بلکہ اسے 'شادیوں کا سال' قرار دیا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

سال 2018 میں شادی کا سیزن عروج پر رہا، بلکہ اس سال کو 'شادیوں کا سال' قرار دیا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔ اس سال پاکستانی اور بالی وڈ ستارز کے ساتھ ساتھ کئی عالمی شخصیات نے بھی اپنی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔اسٹارز کی ان حقیقی جوڑیوں کو سوشل میڈیا پر خوب پزیرائی ملی اور مداحوں کی جانب سے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا گیا۔

آیئے جانتے ہیں کہ رواں برس کن مشہور جوڑیوں نے اپنی زندگی کا نیا آغاز کیا ہے۔

فیروز خان

سال 2018 پاکستانی اداکار فیروز خان کے لیے کامیابی سے بھرپور رہا جہاں ان کا اس برس جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’خانی‘ میگاہٹ قرار پایا، وہیں انہوں نے علیزے فاطمہ کے ساتھ 30 مارچ کو زندگی کی نئی شروعات کی۔فیروز خان 30 مارچ کو علیزے فاطمہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔فیروز خان اور علیزے کی جوڑی کو مداح نے خوب پسند کیا اور ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں۔

اداکارہ عائشہ خان اور میجرعقبہ

اداکار فیروز خان کی شادی کے ایک ماہ بعد اپریل میں نامور پاکستانی اداکارہ عائشہ خان بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں،ان کی شادی میجرعقبہ کے ساتھ ہوئی۔ عائشہ خان نے شادی سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ شادی کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ دیں گی۔

شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل

اس سال 19 مئی کو برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل بھی شادی کے بندھن میں بندھے۔ شہزادے ہیری اور میگھن مارکل کی شادی اس برس کی مقبول شادیوں میں سے ایک ہے جس نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔

سونم کپور

بالی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور کی صحبزادی و اداکارہ سونم کپور بھی اس برس 8 مئی کو آنند آہوجا سے شادی کے بندھن میں بندھیں جن کے ساتھ وہ طویل عرصے سے قریبی دوستی سے منسلک تھیں۔ اداکارہ سونم کپور کی شادی آنند آہوجا سے سکھ رسوم و رواج کے مطابق انجام پائی تھی جس میں متعدد بالی وڈ اسٹارز نے شرکت کی تھی۔

نیہا دھوپیا اور انگد بیدی

سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی کے دوروز بعد نیہا دھوپیا بھی اپنے دوست انگد بیدی کے ساتھ خاموشی سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ دونوں کی شادی کی اطلاع مداحوں کو اس وقت ملی جب نیہا نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

ہمیش ریشمیا

معروف بھارتی گلوکار ہمیش ریشمیا نے 12 مئی کو اپنی قریبی دوست و اداکارہ سونیا کپور سے دوسری شادی کی جن کے ساتھ وہ اکثر و بیشتر تقاریب میں ساتھ نظر آتے تھے۔

عمران اشرف

پاکستانی ٹی وی اداکار عمران اشرف اس برس 17 جولائی کو کرن اشفاق کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ حال ہی میں ان کا ڈرامہ سیریل ’دل موم کا دیا‘ سپر ہٹ بھی رہا ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

سارا رضی خان

بطور چائلڈ اسٹار آرٹسٹ سے کیرئیر کا آغاز کرنے والی سارا رضی خان نے بھی رواں برس ستمبر میں شادی کی۔

کٹ ہیرنگٹن

مقبول امریکی فنٹیسی ڈرامے ’گیم ا?ف تھرونز‘ میں جون سنو کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار 31 سالہ کٹ ہیرنگٹن نے اسی ڈرامے میں یگرٹے کا کردار ادا کرنے والی 31 سالہ اداکارہ روز لیزلی سے رواں برس جون میں شادی کی اور حقیقی زندگی میں ایک نئی شروعات کی۔

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ

بالی وڈ کی مقبول اور دلکش جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے طویل عرصے تک قریبی تعلقات میں رہنے کے بعد گزشتہ ماہ 14 نومبر کو اٹلی میں خوبصورت لیک کومو مقام پر شادی کی جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کی گئیں۔

پریانکا چوپڑا اور نک جوناس کی شادی

اس سال اکتوبر میں ہونے والی سابق ملکہ حسن اورنامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑاکی شادی بھی مہنگی شادیوں میں شمار ہوتی ہے، میڈیارپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا کی منگنی کی انگوٹھی کی قیمت کسی لگژری گھر اور مہنگی گاڑی سے کہیں زیادہ تھی۔ وی پی ڈائمنڈز (وہائٹ پائن ڈائمنڈ) کمپنی کے سربراہ اینڈریو براو¿ن کے مطابق پریانکا کے ہاتھ میں موجود انگوٹھی میں بیش قیمت ہیرا جڑا تھا۔ اس انگوٹھی کا وزن 4 قیراط تھا جس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے۔ واضح رہے کہ پریانکا واحد اداکارہ نہیں ہیں جن کے ہاتھ میں منگنی یا شادی کی اتنی مہنگی انگوٹھی ہے بلکہ پریانکا سے قبل اداکارہ شلپا شیٹھی، ایشوریا رائے اور کرینہ کپور کی مہنگی انگوٹھیوں کے چرچے بھی میڈیا پر چھائے رہے ہیں۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شادی کے لئے فوٹوگرافی کے حقوق ایک میگزین کو فروخت کیے گئے تھے، جس کی قیمت سن کرآپ کو حیرت کا شدید جھٹکا لگے گا کیونکہ یہ جوڑا اپنی شادی کی تصویروں کے رائٹس کے لئے 25 لاکھ ڈالرز وصول کرے گا، یہ رقم پاکستانی روپوں میں تقریبا 33 کروڑ 58 لاکھ 12 ہزار 500 بنتی ہے۔

کپل شرما اور گینی چھاتراتھ

رواں سال کے اختتام پر بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما بھی اپنی دوست گینی چھاتراتھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ کپل کے مداحوں کو اپنے پسندیدہ اسٹار کی شادی کا بے صبری سے انتظار تھا اور شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے ہی کپل کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے نئی زندگی کے لیے مبارک باد اور نیک تمناوں سے نوازا گیا۔

سونم کپور اور آنند آہو جا

رواں برس 8 مئی کو بھارتی اداکار انیل کپور کی بہٹی اداکارہ سونم کپور آنند آہو جا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ ان دونوں کی شادی کو بھارتی اور پاکستانی میڈیا کی جانب سے بھر پور کوریج ملی۔

ایمن خان اور منیب بٹ

رواں سال جہاں بھارتی فنکاروں کی مہنگی شادیوں کا چرچہ رہا وہیں پاکستانی اداکارہ ایمن خان اورمنیب بٹ کی مہنگی اور طویل رسوم پر مبنی شادی بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی۔ بے شمار رسوم اور بے جا طوالت پر مبنی اس شادی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور پیسہ پانی کی طرح بہانے پر شدید غصے کا اظہار بھی کیا گیا۔

٭٭٭


ای پیپر