عبدالعلیم خان نے اورنج لائن ٹرین کو بند کرنے کا عندیہ دیدیا
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
01 جنوری 2019 (14:49) 2019-01-01

لاہور: سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اورنج لائن ٹرین کو بند کرنے کا عندیہ دیدیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ اورنج ٹرین کو بند کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ اورنج ٹرین ہمارے لئے بہت بڑا سفید ہاتھی ہے۔ پچھلی حکومت کے عوامی فلاحی منصوبے ضرور جاری رکھیں گے۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ لارڈ میئر لاہور کے پاس پہلے سے زیادہ اختیارات ہیں۔ لارڈ میئر بتائیں انہوں نے اپنے ہاتھوں سے کسی گلی کا بھی افتتاح کیا؟ میاں میر ہسپتال کا 10 سال تک افتتاح نہیں ہونے دیا گیا۔ 630 ارب روپے کا بجٹ 230 ارب روپے پر آچکا ہے۔ سالانہ بلدیاتی بجٹ کا 30 فیصد دیہات پر لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو کوئی کیس ہماری طرف سے نہیں دیا گیا۔ میری تو کوئی اسٹیل مل جدہ میں نہیں تھی، میں تو لندن میں جاکر نہیں چھپا تھا، مخالفین کس منہ سے کہتے ہیں مجھے گرفتار کیا جائے۔ ہم گورنر راج کے مخالف ہیں، کوئی گورنر راج نہیں لگے گا۔ 2019 پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سال ہوگا۔


ای پیپر