فوٹو بشکریہ فیس بک

بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں مزید بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
01 فروری 2019 (11:48) 2019-02-01

لاہور: فروری کا آغاز ہوگیا لیکن سردی جانے کا نام نہیں لے رہی، ملک بھر میں گھنگھور گھٹاؤں نے رنگ جما دیا۔ کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش ہوئی، سرد ہوائیں چلنے سے لوگ ٹھٹھرنے لگے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں مزید بارش کا امکان اور مری، گلیات، سوات، چٹرال، کالام، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برفباری متوقع ہے۔

آزاد کشمیر اور بلوچستان میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ گلیات میں 2 فٹ تک برف پڑی، نتھیا گلی، باڑہ گلی روڈ اور کالاباغ روڈ بھی بند۔ بجلی غائب، مقامی لوگوں کو غذائی اجناس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔

کے پی اور بلوچستان کے زیادہ تر علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں کوئٹہ میں 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری۔ لوئر دیر، سوات، مالم جبہ، ناران، کاغان میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری۔

ملک کے بعض علاقوں میں ابر رحمت باعث زحمت ہوگیا، آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، ہری پور اور باغ میں بارش اور برف باری سے نظام زندگی مفلوج، رابطہ سڑکیں بند، غذائی اجناس کی قلت پیدا ہوگئی، بجلی کی ترسیل کا نظام بھی درہم برہم رہا۔


ای پیپر