Former Army Chief, Raheel Sharif, Shehbaz Sharif, mother, death, condolence
01 دسمبر 2020 (09:09) 2020-12-01

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے لیے سیاسی رہنماؤں اور دیگر شخصیات کی آمد کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔

تفصیلات کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کا اپوزیشن لیڈر کو فون ، والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی۔

ادھر ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار بھی جاتی امراء پہنچے ، شہباز شریف سے ملاقات میں افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

اے این پی کے رہنما امیر حیدر خان نے بھی شہباز شریف سے ملاقات میں والدہ کے انتقال پر تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ محمد علی درانی کی قیادت میں فنکشنل لیگ کا وفد شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پہنچا۔

رہنماؤں نے شہباز شریف سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ، اس موقع پر عطا تارڑ اور رانا مشہود احمد بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ والدہ کی وفات پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب جیل میں والدہ کے انتقال کی اطلاع موصول ہوئی تو خود کو بہت بے بس پایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ماں سے خالص رشتہ کوئی نہیں ہوتا۔

والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے آنے والے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ میں آپ لوگوں کا مشکور ہوں آپ اپنا قیمتی وقت نکال کر مجھ سے تعزیت کرنے کے لیے آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماں دعاوں کی چھتری ہوتی ہے جو ایک دفعہ چلی جائے تو واپس نہیں آتی، والدہ کی وفات کے بعد جیل میں بڑے بھائی نواز شریف سے بات کروائی گئی۔

انہوں نے تبدیلی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر ملک کو بہتر بنانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں سے قومی سطح پر ڈائیلاگ کرنا ہو گا۔


ای پیپر