پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے چہرے بے نقاب کروں گا : فاروق ستار
01 دسمبر 2018 (13:50) 2018-12-01

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنیوالے چہرے بے نقاب کروں گا ، سپریم کورٹ کا حکم سر آنکھوں پر، لیکن عدالتی حکم کی آڑ میں جائز قبضے کو بھی ہٹایا جارہا ہے، جو لوگ پیش ہورہے ہیں ان پر مقدمہ بنتا نہیں، عدالت اور ہمارا وقت ضائع ہورہا ہے لیکن حجت پوری کرلیں ہم بھی کوئی این آر او نہیں مانگ رہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جو کردار کراچی کی معاشی سکت کو برباد کر رہے ہیں، پاکستان کو کمزور اور اسکی معیشت کا بیڑا غرق کرنا چاہتے ا ن کو بھی بے نقاب کروں گا ۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا میں اپنی پریس کانفرنس میں بتا ؤ ں گا کہ کون سنگین معاشی بحران کے باوجود کراچی میں معاشی سرگرمیاں اور سرمایہ کو مکمل ختم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا حکم سر آنکھوں پر، لیکن عدالتی حکم کی آڑ میں جائز قبضے کو بھی ہٹایا جارہا ہے جو سراسر ظلم اور نا انصافی ہے، اس سلسلے کو روکنا ہوگا۔ دہشتگردی عدالت میں چلنے والے مقدمات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ پیش ہورہے ہیں ان پر مقدمہ بنتا نہیں، عدالت اور ہمارا وقت ضائع ہورہا ہے لیکن حجت پوری کرلیں ہم بھی کوئی این آر او نہیں مانگ رہے۔


ای پیپر