امریکہ کے سابق صدر بش سنیئر انتقال کر گئے ؟ 
01 دسمبر 2018 (13:12) 2018-12-01

واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر جارج بش سینئر 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کے سابق صدر اور امریکہ کے اہم ترین سیاسی خاندان کے سربراہ جارج ہربرٹ والکر بش 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ خون میں انفیکشن کی وجہ سے گزشتہ کئی روز سے ہیوسٹن کے ہسپتال میں داخل تھے۔ ہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے بھی وہ چلنے پھرنے سے معذور تھے اور الیکٹرک سکوٹر یا وہیل چیئر استعمال کر تے تھے۔

جارج بش سینئر 1989 سے 1993 تک امریکہ کے صدر رہے جبکہ اس سے قبل وہ 8 سال تک 1981 سے 1989 تک صدر رونلڈ ریگن کے ساتھ نائب صدر کے طور پر بھی کام کرتے رہے تھے۔ سیاست میں آنے سے پہلے وہ امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے 11 ویں سربراہ کے طور پر 1976 سے 1979 تک کام کرچکے ہیں۔ ان کے بڑے صاحبزادے جارج والکر بش جونیئر بھی 8 سال تک امریکہ کے صدر رہ چکے ہیں ۔

بش سینئر کے ایک اور صاحبزادے جیب بش بھی سیاست میں ہیں جو 8 سال تک ریاست فلوریڈا کے گورنر رہے اور حالیہ انتخابات میں صدارتی امیدوار کے طور پر بھی سامنے آئے تھے۔خیال رہے کہ جارج بش سینئر کی اہلیہ باربرا بش کا انتقال بھی کچھ عرصہ پہلے ہی ہوا ۔


ای پیپر