فوٹوبشکریہ فیس بک

وزیراعظم بننے سے پہلے پروٹوکول کا معاملہ، عمران خان نئی مشکل میں پھنس گئے
01 اگست 2018 (14:18) 2018-08-01

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول دینے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے لائیرزفائونڈیشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے انتخاب میں کافی نشستیں حاصل کی ہیں لیکن ابھی تک صدر پاکستان کی جانب سے کسی سیاسی پارٹی کو حکومت بنانے کی دعوت نہیں دی گئی۔

ممبران قومی اسمبلی نے بھی حلف اٹھا کر وزیراعظم کے لئے حق رائے دہی کا استعمال نہیں کیا۔ اس کے باوجود عمران خان کو وزیر اعظم بننے سے پہلے ہی وی آئی پی پروٹوکول فراہم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم بننے سے پہلے ہی سرکاری مراعات اور پروٹوکول کا استعمال غیرقانونی ہے۔ عمران خان عوامی ٹیکس کا پیسہ ذاتی مفاد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت وفاقی حکومت کو عمران خان سے وی آئی پی پروٹوکول واپس لینے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


ای پیپر