مریم نواز سے آٹو گراف لینے والی لیڈی ڈاکٹر کا تبادلہ کر دیا گیا

01 اگست 2018 (13:40)

راولپنڈی: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے آٹوگراف لینے والی لیڈی ڈاکٹر کا جیل سے تبادلہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ میں مریم نواز کا چیک اپ کرنے والی لیڈی ڈاکٹر مہوش کو جیل انتظامیہ کی شکایت پر ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل انتظامیہ کی درخواست پر کچھ عرصہ قبل فتح جنگ کی ڈسپنسری میں تعینات میڈیکل ہیلتھ افسر ڈاکٹر مہوش کا عارضی تقرر لیڈی ہیلتھ افسر سینٹرل جیل اڈیالہ کیا گیا۔

25 جولائی کو ڈیوٹی کے دوران ڈاکٹر مہوش نے مریم نواز شریف سے آٹوگراف لیا جس کی شکایت جیل انتظامیہ نے محکمہ صحت راولپنڈی کو کی اور انہیں تبدیل کرنے کا کہا جس پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر ضیاء نے باقاعدہ انکوائری کی جس کے بعد ان کا جیل سے تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

 

 

مزیدخبریں