’’میں بھی اکثر خواب دیکھتا ہوں ۔۔۔ ؟‘‘
01 اپریل 2018

’’ میں بھی اکثر خواب دیکھتا ہوں ‘‘ ۔۔۔
دوسرے لکھاریوں کی طرح ۔۔۔ ہم ہوائی قلعے بنانے والوں کی دنیا کے لوگ ہیں، جو پھٹیچر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے مرسیڈیز گاڑی کا مزہ لے رہے ہوتے ہیں۔ ویسے بطور لکھاری میں خود پر فخر کر سکتا ہوں کہ ہم بھی بڑے لوگوں کی صف میں شامل ہیں، میری مراد مرزا غالبؔ ، افلاطون، بابا بلھے شاہ وغیرہ ۔۔۔ ان سب لوگوں نے بھی خواب دیکھے اور ساری زندگی ان سہانے خوابوں کے سہارے ہی بسر کر دی ۔۔۔ غالبؔ نے خود کو یقیناًکسی مغل بادشاہ کی جگہ کھڑا دیکھا ہو گا حالانکہ اُس وقت مغل بادشاہ اٹھارہویں سکیل کے آفیسر سے زیادہ اختیارات کا مالک نہ تھا۔ اُس کے پاس زخمی گھوڑوں اور بڑی عمر کے ہاتھیوں پر مشتمل شاہی سواری ہوتی تھی جو دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی تھی ۔۔۔ اٹھارہویں سکیل کا بھی وہ آفیسر جس کے NAB میں تین چار کیس چل رہے ہوں ۔۔۔ اور جس نے ساری جائیداد پکڑے جانے کے خوف سے اپنی بیوی کے نام کر رکھی ہو ۔۔۔؟! اور خواہش کے باوجود عمرہ کرنے نہ گیا ہو ۔۔۔ ممکن ہے اُس کی جگہ عمرہ کے سفر کے دوران کسی اور کی Posting ہو جائے؟ ۔۔۔ بڑے خواب دیکھنے والوں میں افلاطون بھی تھا مگر وہ بھی شاید اپنے کسی بھی خواب کو عملی جامہ نہ پہنا سکا اور زہر کا پیالہ پی کر دنیا والوں کو یہ بتا گیا کہ سچ بولنا مشکل کام ہے مگر ایک صدی میں مجھے لگتا ہے کہ ایک آدھ سچ بولنے والا دنیا میں ضرور پیدا ہوتا ہے ورنہ ہر روز لاکھوں کی تعداد میں چھ فٹ سات انچ کے مرد پیدا ہوتے ہیں مگر اکثر کی بیویاں بتاتی ہیں کہ وہ مرد نہ تھے، کیونکہ بیوی ایک بار چیخ کے بولے ۔۔۔ وہ پل بھر میں سارے برتن دھو ڈالتے ہیں؟ ۔۔۔ اور کبھی بھی بیوی کو یہ کہہ کر نہیں ڈراتے کہ ’’اسلام میں چار شادیوں کی اجازت ہے؟‘‘ ۔۔۔ ویسے عورتوں کو مان لینا چاہیے کہ ہر مرد کی چار خفیہ کہانیاں ہوتی ضرور ہیں؟ بابا بلھے شاہ نے بھی خواب دیکھے ہوں گے گیت کافیاں لکھی ہوں گی۔ سچ اگلا ہو گا، کسی چوہدری کو چوک میں کہا ہو گا ۔۔۔ ’’چوہدری جی تہاڈا نالہ لمکدا پیا جے‘‘ ۔۔۔ یا غصے میں ڈرایا ہو گا ’’چوہدری اگلے الیکشن وچ میں وی تیرے مقابلے تے الیکشن لڑاں گا‘‘ ۔۔۔
عالی شان سچائی پر مبنی شاعری بھی کی ہو گی، مگر جب بابا بلھے شاہ فوت ہوا تو اہل محلہ، اہل شہر بلکہ دنیا والے جو اُسے کئی بار کافر قرار دے چکے تھے، اس لیے جب بابا بلھے شاہ فوت ہوئے تو اُن کی لاش شہر سے دو کلو میٹر دور ویرانے میں پڑی تھی اور ایک کھسرے نے بابا بلھے شاہ کو دفن کرنے کا فریضہ سر انجام دیا۔ قصور شہر کو کھسروں پر فخر کرنا چاہیے (یہ میری ذاتی رائے ہے) ۔۔۔ آج پورا قصور شہر بابا بلھے شاہ کے گرد گھومتا ہے اور دنیا بھر میں لوگ قصور کو اندرسوں اور لذیز حلوے کی وجہ سے نہیں جانتے بلکہ بابا بلھے شاہ اور ملکہ ترنم نور جہاں کی وجہ سے پہچانتے ہیں ۔۔۔ ویسے میں نے قصور کی چار پانچ مسجدوں میں حاضری دی جہاں وہ کمرے اور غربت سے لبریز سامان بطورِ یادگار موجود ہے جہاں بابا بلھے شاہ نے چیلے کاٹے ۔ اللہ رسولﷺ کا محبت سے رات کی تاریکی میں نام لیا ۔۔۔
میں اکثر خواب دیکھتا ہوں جن پر میں پریشان ہوتا ہوں ۔۔۔ پچھلے سال ستمبر میں میں نے خواب دیکھا کہ نواز شریف صاحب سفید شلوار قمیص پہنے، پاؤں میں قینچی چپل پہنے لاہور کی گلیوں میں عام آدمی کی طرح پھر رہے ہیں۔ میں نے یہ خواب فیس بک پر لگا دیا اور ماہ جولائی 2017ء کا ذکر کر ڈالا ۔۔۔ دوست آج بھی پوچھتے ہیں ۔۔۔ خواب سچا تھا یا ابھی تک تمہارے پرانے کلاس فیلوز سے رابطے ہیں؟!؟ ۔۔۔ جو کچھ بڑے عہدوں پر فائز ہیں؟
شکر ہے خواب ایک وقت میں ایک ہی آدمی دیکھ سکتا ہے، اس کام میں آپ کسی کو شریک نہیں کر سکتے۔ میرے نوے فیصد خواب ایسے ہوتے ہیں جن کی تفصیل اگر میں اپنے کالم میں لکھ دوں تو میرے لیے نوویں سکیل کے سٹاف پر مشتمل اُسی طرح کی JIT بن جائے جو میاں نواز شریف کے لیے بنی تھی ۔۔۔ اور تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔۔۔؟ اور جس کے ’’منفی‘‘ اثرات ابھی تک قوم محسوس کر رہی ہے۔۔۔خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں چند سال پہلے میرے مرد دوستوں کو نہیں پتہ تھا کہ ’’کانفرنس کال‘‘ بھی ہوتی ہے اور ’’کانفرنس کال‘‘ اس قدر خطرناک ہوتی ہے۔ مجھے رضوانہ نے بتایا تھا کہ کل جب تم نے ’’لہر‘‘ میں آ کر موبائل فون پر مجھے با آواز بلند ہمت کر کے نہایت عاجزی سے کہا ۔۔۔
I Love You ۔۔۔ تو اُس وقت دردانہ، فرزانہ، نسیم اور شائستہ میرے ساتھ ’’کانفرنس کال‘‘ پر تھیں اور تمہارا مجھے یہ ’’I Love You‘‘ کہنا اُنہوں نے لائیو ایک ساتھ سنا تھا ۔۔۔ اور خوب تمہیں اُنہوں نے برا بھلا بھی کہا اور گالیاں بھی دیں ۔۔۔؟! امید ہے جس شدت سے وہ گالیاں دی گئی تھیں وہ تمہیں بھی ٹیلی پیتھی کے ذریعے پہنچ گئی ہوں گی ۔۔۔ اور اُن کی درد بھی تم نے محسوس کی ہو گی ۔۔۔؟!؟
’’بہت افسوس ہوا کہ اُنہوں نے میرا تمہیں ۔۔۔ ’’I Love You‘‘ کہنا ایک ساتھ سنایا حالانکہ میں اُن سب کو علیحدہ علیحدہ اُسی انداز میں ’’I Love You‘‘ کہنا چاہتا تھا ‘‘ ۔۔۔ میں بڑ بڑایا ۔۔۔!
’’چلو ۔۔۔ پھر کبھی اپنی یہ بے ہودہ خواہش بھی پوری کر لینا ۔۔۔ ابھی کون سا تم نے ’’شرافت کی زندگی‘‘ گزارنے کا عہد کر لیا ہے‘‘ ۔۔۔ رضوانہ غصے سے، پسینہ پونچھتے ہوئے بولی ۔۔۔
ویسے اُس دن کے بعد میں نے فون پر کسی کو غلطی سے بھی ’’I Love You‘‘ نہیں کہا ۔۔۔ کیونکہ جس طرح ہر تعلیمی میدان میں آجکل لڑکیاں جھنڈے گاڑ رہی ہیں ایسے ہی جدید ٹیکنالوجی میں بھی وہ مردوں سے آگے ہیں ۔۔۔ ممکن ہے ’’کانفرنس کال‘‘ سے بھی زیادہ جدید کوئی ٹیکنالوجی آ چکی ہو اور مرد اس سے بے خبر ہوں ۔۔۔ میرا تازہ قطعہ ملاحظہ فرمائیں ۔۔۔
دئیے جاتا ہوں دھوکے اور خوش ہوں
ابھی اٹھا ہوں سو کے اور خوش ہوں
وہ پھر وعدہ کرے گا، جھوٹا وعدہ
تھکا ہوں خوب رو کے اور خوش ہوں


ای پیپر