پاکستان میں مہنگائی بلند ترین سطح پر، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان

299

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات  کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی مجموعی شرح 35.4 فیصد تک جاپہنچی ہے جس سے ملک میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

 

ادارہ شماریات کے تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مہنگائی 27.26 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ دوسری طرف گزشتہ سال مارچ میں یہ شرح 12.7 فیصد تھی۔

 

ادارہ شماریات کی  جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 3.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شہروں میں مہنگائی کی مجموعی شرح 33 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 38.9 فیصد تک جاپہنچی ہے۔

 

دوسری جانب دنیا بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے، سعودی عرب سمیت اوپیک ممالک نے خام تیل کی پیداوار میں دس لاکھ بیرل یومیہ کمی کا اعلان کر دیاہے۔

 

سعودی عرب نے  مئی سے تیل کی پیداوار میں کمی کافیصلہ کیا ہے، سعودی خبرایجنسی کے مطابق اگلے ماہ سے تیل کی پیداوارمیں روزانہ کی بنیادپر5لاکھ بیرل کمی کی جائے گی، سعودی خبرایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی سال2023کے آخر تک کی جائے گی۔

 

ماہرین کے مطابق پیداوار میں کمی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں 10 ڈالر فی بیرل اضافے کا امکان ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.